mazahiruloom@gmail.com 9045818920

صدر المدرسین

(۳) حضرت مولاناحبیب الرحمن سہارنپوریؒ

حضرت مولاناحبیب الرحمن ابن حضرت مولانااحمدعلی محدث سہارنپوریؒنے اپنے والدماجدسے علم حاصل کیااور۱۳۰۷ھ میں مظاہرعلوم سہارنپورمیں تدریس کے لئے آپ کا انتخاب ہوا،یہاں آپ نے حدیث،فقہ،علم کلام،اصول حدیث اوریاضی وغیرہ علوم وفنون کی تعلیم دی پھرترقی فرماکر۱۳۱۲ھ میں مظاہرعلوم کے صدرالمدرسین کے عہدۂ جلیلہ پرفائزہوئے۔
مظاہرعلوم میں آپ نے تقریباً دوسال تک درس دیا پھر۱۳۱۴ھ میں حیدرآبادتشریف لے گئے وہاں دارالعلوم حیدرآبادمیں مدرس مقررہوئے اورپھروہیں صدرمفتی کے عہدے سے سرفرازکئے گئے۔آپ ذہین وفطین ،روشن دماغ ،اورعمدہ طبیعت کے مالک انسان تھے ،علوم وفنون میں یدطولیٰ اورملکۂ تامہ حاصل تھا بالخصوص فقہ اورشعروادب میں خاص مناسبت ومہارت رکھتے تھے ،آپ قادرالکلام ماہراوراستادشعراء میں شمارہوتے تھے۔
آپ کی تصنیفات میں سیداسمعیل شہیدؒکے بعض عربی رسائل کے اردوتراجم خصوصیت کے ساتھ لائق ذکرہیں جن کے الفاظ عمدہ ،عبارات فصیح،تراکیب موزوں،اسلوب بیان دلفریب اورپرکشش ہے۔
آپ کے قلم فیض رقم سے مسندامام اعظم ابوحنیفہؒ کاترجمہ بھی معرض وجودمیں آیاتھاجوحیدرآبادسے طبع ہوکر منظرعام پرآچکاہے۔
علاوہ ازیں اردواورفارسی زبان میں بھی آپ کے منظومات دستیاب ہیں ۔آپ کے تلامذہ میں حضرت مولاناشاہ عبدالقادررائے پوریؒ خصوصیت کے ساتھ لائق ذکرہیں ۔
آپ نے حیدرآبادہی میں وصال فرمایا۔حق تعالیٰ شانہ آپ کے درجات بلندفرمائے۔