mazahiruloom@gmail.com 9045818920

قراء کرام

(۶) حضرت مولاناقاری سیدمحمدابراہیم سہارنپوریؒ

آپ کے والدماجدکانام سیدنذیراحمدہے،۱۳۳۸ھ میں پیداہوئے ،تاریخی نام ’’مظفرحسن ‘‘ہے۔
مظاہرعلوم سہارنپورمیں تعلیم پائی،تجویدوقراء ت سے خصوصی مناسبت کی وجہ سے شعبۂ تجویدمیں داخلہ لیااوراس وقت کے مشہورومعروف قاری ،حضرت مولاناسیدسلیمان دیوبندیؒ سے حفص اورقراء ت سبعہ کی تحصیل وتکمیل کی ۔
تعلیم سے فراغت کے بعد آپ بھاول پورتشریف لے گئے جہاں دوسال تک تجویدکی خدمت کی پھرواپس سہارنپور تشریف لے آئے اورشیخ الاسلام حضرت مولاناسیدعبداللطیف پورقاضویؒ کے زمانۂ اہتمام میں ذی قعدہ ۱۳۶۵ھ سے بلامشاہرہ معین استاذبنائے گئے (اسی سال حضرت مولاناشاہ محمداسعداللہ رام پوریؒ مظاہرعلوم کے نائب ناظم بنائے گئے تھے)
مظاہرعلوم میں آپ کی خدمات جلیلہ کاایک طویل عرصہ ہے تقریباً۳۴/سال تک آپ نے اس فن کے ذریعہ خدمت کی اورخیرکم من تعلم القرآن وعلمہ پرعمل کرکے اپنے لئے دنیوی اور اخروی سعادتوں کا ذخیرہ فراہم کیا۔
آپ نے اپنی مادرعلمی مظاہرعلوم کی طرف منسوب کرتے ہوئے ایک کتابچہ تجویدکے موضوع پر لکھا جس کا نام ’’مظاہرالتجوید‘‘رکھا۔
کتاب لکھنے کی وجہ اورخصوصیت خودآپؒ نے یہ تحریرفرمائی ہے۔
’’میں نے اس رسالہ میں تجویدکے وہ مسائل بیان کئے ہیں جن کاجانناقرآن شریف پڑھنے والوں کے لئے ضروری ہے اوروہ مخارج حروف وصفات حروف اوران کے متعلقات ہیںاسی کے ساتھ مختصراوقاف کوبھی ذکرکردیاگیاہے کہ لوگ وقف وابتداء میں سخت غلطی کرتے ہیں‘‘۔
قاری صاحب موصوف جناب حکیم محمدایوب صاحب مرحوم کے قریبی عزیزوں میں سے تھے۔
۱۴۰۲ھ میں آپ کاانتقال ہوا۔اللہ تعالیٰ درجات فرمائے۔