mazahiruloom@gmail.com 9045818920

ارباب فقہ و فتاویٰ

حضرت مولانا مفتی مجد القدوس خبیبؔ رومی مدظلہ

آپ کااصل نام مجد القدوس عرف خبیب رومیؔ ہے ،۱۸/شعبان المعظم۱۳۷۹ھ مطابق ۱۶/فروری ۱۹۶۰ء سہ شنبہ بمقام ریاست کدورہ ،جالون، یوپی میں پیداہوئے۔ ۱۳۸۴ھ میں آپ کے والدبزرگوار حضرت مولانامفتی عبد القدوس رومی ؔ ؒنے ’’عقائداسلامیہ ‘‘اردوعربی مکالمہ کے ذریعہ یاد کرائے اورداغ ؔ دہلوی مرحوم کی حمد کے اشعار بھی ۔جدمخدوم حضرت مولانا محمد سراج الحق مچھلی شہریؒ (بی ،اے ،)نے خدادادقوت حفظ ،ذہانت وذکاوت دیکھ کر’’نسب نامہ ‘‘ اورنانا مرحوم حضرت سید عبد الرب صوفی ؔ (ایم ،اے )نے ’’اسمائے حسنیٰ ‘‘’’ادعیہ ٔ ماثورہ‘‘اور’’تعارف منظوم ‘‘لکھ کر یاد کرایا، قرآن مجید ،رحمت اسلام، اسلامی مکتب اوراسلامی تاریخ وغیرہ سے تعلیم کی ابتداء ہوئی ، اردو،ہندی ،انگریزی ،حساب ،معلومات عامہ وغیرہ درجہ پنجم تک ، حفظ قرآن مجید، تجوید وقرأت مع مشق (علامہ شاطبی ؒ کے قصیدہ ٔلامیہ تک) اورمروجہ ’’درس نظامی ‘‘کی تعلیم ملک کے مختلف مدارس مدرسہ خیر البریہ حسن منزل الہ آباد،مدرسہ وصیۃ العلوم الہ آباد،مدرسہ عالیہ جامع مسجد آگرہ ، جونیرہائی اسکول آگرہ ، مدرسہ افضل العلوم آگرہ ،مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد فیروزآباد،جامعہ اسلامیہ عربیہ ہتھورا باندہ میں حاصل کرکے تکمیل ۱۴۰۳ھ میںمظاہر علوم سہارنپورسے کی ۔
مظاہرعلوم کے خصوصی اساتذۂ کرام میںحضرت مولانا سید ظریف احمد پورقاضوی ؒ، حضرت مولانامفتی محمود حسن گنگوہی، ؒ حضرت مولانامفتی سید محمدیحییٰ سہارنپوریؒ، حضرت مولانامفتی مظفرحسین المظاہری ؒ، حضرت مولاناعلامہ محمد یامین سہارنپوریؒ، حضرت مولانا محمد اللہ سہارنپوری ؒ، حضرت مولانا سید وقارعلی بجنوری مدظلہ ، حضرت مولانا سیدمحمد عاقل سہارنپوری مدظلہ اورشیخ الحدیث حضرت مولانا محمد یونس جونپوری مدظلہ قابل ذکرہیں۔
سلسلہ ٔ چشتیہ اشرفیہ میں حضرت مولانا محمد مسیح اللہ شیروانی ؒ سے بیعت ہوئے ۔
۲۹/جمادی الثانی ۱۴۰۵ھ کوناقل فتاویٰ کی حیثیت سے آپ کا تقررمظاہرعلوم کے باوقاردارالافتاء میںہوا۔ اور۱۴/ذیقعدہ ۱۴۰۷ھ کوفتویٰ نویسی کاکام بھی سپردکیاگیا۔
اب تک مختلف رسائل اورمضامین وقتیہ جمع ومرتب فرماچکے ہیں جن میں (۱)نثرالمفتی (۲)مظاہرعلوم کے بنیادی مقاصد(۳)دینی مدارس کے اصلی مقاصد(۴)ہندوستان میں امارت وقضاء کا مسئلہ( فقہ وفتاویٰ کی روشنی میں) (۵)حج وعمرہ سے متعلق چالیس مسائل (۶)وغیرہ لائق ذکرہیں نیز پچیس سالہ عرصہ میں فقہ وفتاویٰ کا قیمتی ذخیرہ رجسٹر نقل فتاویٰ کے ۳۲ ضخیم جلدوںمیں منتشرطورپر محفوظ ہوچکاہے،آپ کے فتاویٰ مختصراورجامع ہوتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ علم اورعمرمیںخیروبرکت عطافرمائے۔